340
کہاں تلاش میں جاؤں کہ جستجو تو ہے
کہیں نہیں ہے یہاں اور چار سو تو ہے
محاذ جنگ پہ کھلتے نہیں ہیں ہاتھ مرے
میں کیا کروں کہ مقابل مرا عدو تو ہے
بدل گیا ہے زمانہ بدل گئی دنیا
نہ اب وہ میں ہوں مری جاں نہ اب وہ تو تو ہے
کسی نے اٹھ کے یہاں سے کہیں نہیں جانا
سجی ہے بزم کہ موضوع گفتگو تو ہے
میں دیکھتا ہوں کسے کچھ مجھے نہیں معلوم
کوئی بھی سامنے آ جائے ہو بہو تو ہے
تمام عالم سرمست ہے تری ایجاد
یہ مے کدہ ہے ترا صاحب سبو تو ہے
تری طلب نے رکھا انہماک پاکیزہ
نماز عشق ترے واسطے وضو تو ہے
مرا گناہ بھی شائستہ توکل ہے
کہ تو خدا ہے مرا اور خیر خو تو ہے
یہ آئنے میں کوئی اور شخص ہے عاصمؔ
غلط خیال ہے تیرا کہ رو بہ رو تو ہے
ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی
