108
ترا خواب آنکھوں کو پیغام دے
مرے رت جگوں کو کوئی نام دے
خیالوں کی بے سمتیاں جھیل کر
پرندہ یہ بولا، مجھے دام دے
بنے کاش تجھ سے تعلق مرا
تعلق بھی ایسا جو الزام دے
کسی باغ میں پھول کھلتا نہیں
کسے کوئی ہونٹوں کا انعام دے
ترے رخ کا سورج بھی ایسا نہیں
جو راتوں کے جاگے کو آرام دے
کدھر بھاگتی جا رہی ہے سڑک!
ذرا ٹھیر، سورج تجھے شام دے
چراغوں کو اب طاق ملتا نہیں
وہاں چاند نکلا، اسے بام دے
وہ سب خاص لوگوں کی محفل میں ہیں
انہیں کون فکرِ رہِ عام دے
شہزاد نیر
