100
ہماری مٹی ہماری غیرت کا مسئلہ ہے
یہ مسئلہ بھی ہمیں قیامت کا مسئلہ ہے
کوئی حسد ہے نہ ہم تقابل میں پڑ رہے ہیں
تمہارے دل کی ہمیں رعونت کا مسئلہ ہے
مرے وطن تجھ پہ رب کی ساری نوازشیں ہیں
جو ابتدا سے ہے بس قیادت کا مسئلہ ہے
میں کج ادائی سے تنگ آیا ہؤا ہوں لیکن
اسے لگا ہے مجھے طبیعت کا مسئلہ ہے
کسی کو غم ہے جو بادشاہت ہے اب بھی کم ہے
کسی کو بچوں کی سالمیت کا مسئلہ ہے
غریب ملکوں کو آدمیت سکھانے والو
تمہارے گھر میں ہی آدمیت کا مسئلہ ہے
انہیں بتاؤ جو امن کا درس دے رہے ہیں
ہمیں تمہاری ہی بربریت کا مسئلہ ہے
"ہر اک وبا کی دوا ہے” سب جانتے ہیں لیکن
صغیر لوگوں کو ہے جو نیت کا مسئلہ ہے
صغیر احمد صغیر
