351
درد کی دیوار پر ٹانکی ہوئی تصویر ہے
زندگی روزِ ازل سے موت کی جاگیر ہے
شہرِ دل میں سر اٹھاتی خواہشوں کے درمیاں
ہر قدم پر سامنے انسان کے تقدیر ہے
دن ہیں مایوں کےخزائیں لائی ہیں ابٹن ابھی
فصلِ گل کی رُونمائی میں ذرا تاخیر ہے
رقص کرتی ہے سرِ محفل یہ زلفیں کھول کر
عاشقی جیسے طوائف کی کوئی تقصیر ہے
انتشارِ زندگی میں ایک لمحے کا سکوں
جاگتی آنکھوں سے دیکھے خواب کی تعبیر ہے
کر لیا تسخیر جس کو عشق نے وہ آدمی
اس جہاں کے واسطے ناقابلِ تسخیر ہے
آگہی کا لطف دیتا ہے سدا انسان کو
ہجر کے اندر اگرچہ موت کی تاثیر ہے
منزّہ سیّد
