399
بس یہی کچھ ہے معجزہ مرے پاس
ایک تو ہے اور اک دعا مرے پاس
یہ تری گفتگو کا لمحہ ہے
اس گھڑی ہے مرا خدا مرے پاس
تیرا نعم البدل نہیں کوئی
تو فقط ایک ہی تو تھا مرے پاس
تجھے کچھ وقت چاہئے مری جاں
وقت ہی تو نہیں بچا مرے پاس
میں نے تجھ کو خدا سے مانگا تھا
لوٹ آئی مگر دعا مرے پاس
اب میں جھگڑا کروں تو کس سے کروں
اب تو تو بھی نہیں رہا مرے پاس
اس لیے خود کو زندہ رکھا ہے
تو کبھی لوٹ آئے گا مرے پاس
