468
جس نے ساری عمر کاٹی مفلسی کی قید میں
آج بھی زندہ ہے دیکھو زندگی کی قید میں
قابلِ تعزیر ٹھہرا ہے اجالے کا سفیر
ایک جگنو مر گیا ہے روشنی کی قید میں
کتنا مشکل اِن کو رکھنا قلب کے زندان میں
خواہشیں ماتم کناں ہیں آدمی کی قید میں
ساری دنیا کی امامت سے ہوا جو سرفراز
وہ مسلماں آ گیا ہے مقتدی کی قید میں
جس پہ چلتا ہی نہیں تھا جادو ٹُونے کا اثر
وہ بھی دیکھو آ گیا ہے سامری کی قید میں
اُس کے سارے لفظ پابندِ سلاسل ہو گئے
اک سخنور جی رہا تھا آگہی کی قید میں
اب تری آواز صابرؔ کوئی سن سکتا نہیں
حرف گونگے ہو گئے ہیں خامشی کی قید میں
ایوب صابر
