581
اب انتظار رہتا ہے ہر رات دو بجے
وہ نیند میں دوبارہ مری سیڑھیاں چڑھے
میں خوف کی مدد سے اسے اک چراغ دوں
وہ روشنی میں اس کو مصیبت کہا کرے
جملے کسیں علاقے کے اوباش اس پہ جب
میری قمیض پر وہ بٹن ٹانکنے لگے
میں بانسری کی دھن کے تعاقب میں چل پڑوں
وہ مجھ کو روکنے کے لیے مرثیہ پڑھے
ہم دونوں ایک دوجے سے واپس نہ آ سکیں
پانی گلاس ٹوٹنے پر چیختا رہے
کہتے ہیں جس زمیں کو مدینۃ الاولیاء
میں اس کو جانتا ہوں مناہل کے نام سے
میرے خدا تو میرے غلط نظریات پر
اب مسکرا بھی دے کہ مرا حوصلہ بڑھے
آرش وہ میرا عشق دلائل پہ چت ہوا
اندھے کا خواب چشم _تماشہ پہ کیا کھلے
سرفراز آرش
