427
ایک آنسو میں ترے غم کا احاطہ کرتے
عمر لگ جائے گی اس بوند کو دریا کرتے
عشق میں جاں سے گزرنا بھی کہاں ہے مشکل
جان دینی ہو تو عاشق نہیں سوچا کرتے
ایک تو ہی نظر آتا ہے جدھر دیکھتا ہوں
اور آنکھیں نہیں تھکتی ہیں تماشا کرتے
زندگی نے ہمیں فرصت ہی نہیں دی ورنہ
سامنے تجھ کو بٹھا بیٹھ کے دیکھا کرتے
ہم سزاوار تماشا تھے ہمیں دیکھنا تھا
اپنے ہی قتل کا منظر تھا مگر کیا کرتے
اب یہی سوچتے رہتے ہیں بچھڑ کر تجھ سے
شاید ایسے نہیں ہوتا اگر ایسا کرتے
جو بھی ہم دیکھتے ہیں صاف نظر آ جاتا
چشم حیرت کو اگر دیدۂ بینا کرتے
شہر کے لوگ اب الزام تمہیں دیتے ہیں
خود برے بن گئے عاصمؔ اسے اچھا کرتے
ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی
