وہ پچھلے موڑ پر اس راستے

وہ پچھلے موڑ پر اس راستے سے ہٹ چکا تھا
میں آنکھیں بند کر کے جس کے پیچھے چل رہا تھا

تشخص کھو رہے تھے ہم بدلتے پانیوں سے
ہمارا ہر تنا پھیلاؤ میں ہم سے جدا تھا

محبت بیچ میں دیوار آنے سے ہوئی تھی
کہ ہم دونوں کا قد دیوار سے تھوڑا بڑا تھا

کسی کے اک قدم سے راستوں نے سمت پائی
کسی کی اک جھلک سے پورا آئینہ بنا تھا

اندھیرا بڑھ رہا تھا عمر کی کچی سڑک پر
سفر لازم تھا سو رفتار کو کم کردیا تھا

وہ باتیں ختم ہونے پر خدا حافظ نہ کہہ دے
میں باتیں کرتے کرتے آف لائن ہوگیا تھا

وہ کمرا تھا کہ ویرانی بھرا سینہ تھا حارثؔ
وہ اک کونے میں بکسہ تھا کہ دل رکھا ہوا تھا

حارث بلال

Related posts

پہلے میں خود میں فرض کی تعمیل دیکھ لوں

لازم نہیں کہ بدلے میں تجھ سے وفا ہی ہو

کلام خاص نوجوانوں کے لیے