میرا لاشہ پڑا ہے صحرا میں

میرا لاشہ پڑا ہے صحرا میں
اک تماشہ پڑا ہے صحرا میں

شہر جنگل بناہوا ہے تو کیا
دیکھ صحرا پڑا ہے صحرا میں

دن بدل جائیں گے چلو یارو
وقت اچھا پڑا ہے صحرا میں

عین ممکن ہے سانس باقی ہو
وہ جو الٹا پڑا ہے صحرا میں

کوئی جائے اٹھاکے لائے میاں
عشق سارا پڑا ہے صحرا میں

تیری نفرت کے بھینٹ چڑھ کر آج
کوئی پیارا پڑا ہے صحرا میں

ماں کا دل کیوں نہ ہو اداس بھلا
اس کا بیٹا پڑا ہے صحرا میں

اک عجب خوف ہے مرے گھر میں
جب سے ڈاکا پڑا ہے صحرا میں

ہوں مظفرؔ بلوچ سو میرا
سارا شجرہ پڑا ہے صحرا میں

مظفرؔ ڈھاڈری

Related posts

کیا خواب جینے کی خواہش بڑھاتے ہیں؟

مجھے یقیں و گماں کی نظر لگا رہے تھے

وقت بدلا ہے مگر تھوڑا سا