عورت کی زندگی پر معاشرتی دباؤ

دنیا میں مرد اور عورت پر پڑنے والے معاشرتی دباؤ میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ مرد اپنی ذاتی زندگی کے فیصلوں میں نسبتاً زیادہ آزادی رکھتے ہیں۔ اگر وہ اسکول یا کالج میں کوئی غلط قدم اٹھا بھی لیں، تو اس کا اثر عام طور پر صرف ان کی ذات تک محدود رہتا ہے۔ آنے والے مردوں کی راہیں اس سے بند نہیں ہوتیں۔ معاشرہ انہیں نیا موقع دیتا ہے اور ان کی لغزش کو ذاتی کمزوری سمجھ کر بھلا دیتا ہے۔ مرد اگر کسی ناکامی یا غلطی کا شکار ہوں تو یہ زیادہ تر ان کی اپنی کمزوری قرار دی جاتی ہے، جس کے اثرات خاندان یا معاشرے پر زیادہ وسیع نہیں ہوتے۔

شادی، خاندان یا گھریلو ذمہ داریوں کے معاملات میں بھی مرد کو زیادہ آزادی حاصل ہوتی ہے۔ اگر گھر میں کوئی مسئلہ پیدا ہو جائے تو یہ نہیں کہا جاتا کہ اب پورے خاندان کے رشتے متاثر ہو جائیں گے یا چھوٹے بھائیوں کی زندگیاں مشکل ہو جائیں گی۔ معاشرتی دباؤ کا رخ زیادہ تر عورتوں کی طرف موڑ دیا جاتا ہے، جیسے ہر رشتے کی کامیابی یا ناکامی کی ذمے داری انہی کے کندھوں پر ہو۔

اس کے برعکس، عورت اپنی زندگی کے ہر فیصلے اور ہر قدم پر بھاری دباؤ کا سامنا کرتی ہے۔ اس کی کامیابیاں اگرچہ معاشرے کے چند افراد کے لیے روشن مثال بن جاتی ہیں، مگر اس کی معمولی سی ناکامی بھی ایک بڑی تنقید اور عبرت کی کہانی میں بدل جاتی ہے۔ اگر کوئی عورت کسی غلط فیصلے کا شکار ہو جائے یا کسی مشکل مرحلے سے گزرے تو اس کا اثر صرف اس کی ذات تک محدود نہیں رہتا، بلکہ خاندان کی دیگر عورتوں کو بھی اس کے بوجھ کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ گویا عورت کی ذاتی زندگی بھی اجتماعی فیصلہ بن جاتی ہے۔

حادثات یا پیشہ ورانہ ناکامی کے معاملے میں بھی مرد اور عورت کے تجربات یکساں نہیں۔ مرد اگر کسی غلطی یا پیشہ ورانہ مسئلے کا سامنا کریں تو اسے ایک ذاتی معاملہ سمجھا جاتا ہے۔ لوگ براہِ راست انہیں موردِ الزام نہیں ٹھہراتے۔ ان کی ناکامی ان کے خاندان کے لیے بدنامی نہیں بنتی۔ مگر عورت کی ناکامی کا دائرہ کہیں زیادہ وسیع کر کے دکھایا جاتا ہے۔ اس کی ایک چھوٹی سی لغزش ہزاروں زبانوں کا موضوع بن جاتی ہے اور لوگوں کے لیے نصیحت یا تنقید کا سامان فراہم کرتی ہے۔

یہی وہ رویہ ہے جو عورت کی زندگی کو حد درجہ محتاط اور دباؤ بھرا بنا دیتا ہے۔ وہ ہر قدم سوچ سمجھ کر رکھتی ہے، کیونکہ جانتی ہے کہ اس کے ایک غلط فیصلے پر نہ صرف انگلیاں اٹھیں گی بلکہ خاندان کا وقار بھی زیرِ بحث آ جائے گا۔ مرد کی غلطی اس کی ذاتی کمزوری سمجھی جاتی ہے، مگر عورت کی لغزش کو پورے خاندان کی ناتوانی قرار دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عورت کے لیے زندگی کی دوڑ زیادہ مشکل، ناہموار اور غیر مساوی ہے۔ وہ اس دوڑ میں قدم جما کر، ایڑھیاں اٹھا کر، اور سر بلند رکھ کر چلتی ہے، کیونکہ ایک معمولی ٹھوکر اس کی ساری محنت پر سوالیہ نشان لگا سکتی ہے۔

یہ فرق صرف توقعات تک محدود نہیں، بلکہ ہمارے رویوں، روایات اور تربیت میں بھی گہری جڑیں رکھتا ہے۔ مرد اپنی راہیں اعتماد سے چنتے ہیں، جبکہ عورتوں کو ہر موڑ پر تنقید، ردِ عمل اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان پر نہ صرف ذاتی بلکہ اجتماعی بوجھ بھی حاوی رہتا ہے۔ معاشرتی نظام ان سے کمال کی توقع رکھتا ہے، مگر سہولت اور آزادی نہیں دیتا۔

یہ کہنا مقصود نہیں کہ مرد کی زندگی آسان ہے۔ مرد بھی اپنے حصے کے دباؤ اور ذمے داریوں کے ساتھ جیتا ہے، مگر عورت کو وہ مشکلات بھی جھیلنی پڑتی ہیں جو مرد کے حصے میں نہیں آتیں۔ اس کے لیے زندگی کا ہر مرحلہ ایک امتحان بن جاتا ہے، جہاں وہ خود کو ثابت کرنے کے لیے دوہری محنت کرتی ہے ۔ پہلے اپنے خوابوں کے لیے، پھر معاشرتی قبولیت کے لیے۔

آخرکار حقیقت یہی ہے کہ عورت پر دباؤ زیادہ وسیع، پیچیدہ اور گہرا ہے۔ ہمارا معاشرتی نظام اور موروثی روایات عورت کی زندگی کو غیر ضروری حد تک مشکل بنا دیتی ہیں، جبکہ مرد نسبتاً زیادہ آزادی، سہولت اور محدود اثرات کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

ہمیں یہ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ مساوات اور انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ متوازن نہیں ہو سکتا۔ جب تک عورت اور مرد دونوں کے لیے یکساں مواقع، یکساں سہولتیں اور یکساں احترام میسر نہیں آتا، اس دوڑ میں انصاف ممکن نہیں۔ وقت آ چکا ہے کہ ہم ایسا معاشرہ تشکیل دیں جو عورت اور مرد دونوں کو کم دباؤ، زیادہ اعتماد اور حقیقی مساوات کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع دے ۔۔ یہی انسانی وقار اور انصاف کی اصل بنیاد ہے۔

یوسف صدیقی

Related posts

خیبر پختو نخواہ کا افسانہ

انجمن پنجاب

تنقید کیا ہے