نبیؐ کے عشق میں ایسا دِکھائی دیتا ہے

نبیؐ کے عشق میں ایسا دِکھائی دیتا ہے
جسے بھی دیکھوں وہ اپنا دِکھائی دیتا ہے

حضُور ؐ یاد کی صُورت یہاں بھی رہتے ہیں
مجھے تو دِل بھی مدینہ دِکھائی دیتا ہے

مُحِبّ ِ سرورِ کونین ؐ جِس طرف دیکھے
خُدا کے نُور کا جلوہ دِکھائی دیتا ہے

بسی ہو دِل میں مہک عشقِ مُصطفٰےؐ کی اگر
جہان سارا ہی مہکا دِکھائی دیتا ہے

کمالِ مِدحتِ سرور ؐ ، کہ میری قسمت کا
عرُوج پر ہی سِتارہ دِکھائی دیتا ہے

ضرُور اُس کو ہے نِسبت حضُور ؐ سے کیفی
جو قول و فعل میں سچّا دِکھائی دیتا ہے

محمود کیفی

Related posts

مرا سخن سخنِ شاہکار ہو جائے

سرکارؐ رازِ حق سے مجھے آشنا کریں

قرآنِ کریم میں تدبر کیسے کریں؟