استخارہ

استخارہ کیا ہے اور کیا نہیں ہے

مختلف مجلسوں اور بیٹھکوں میں دورانِ گفتگو یہ موضوع اکثر زیرِ بحث آتا ہے کہ استخارہ کیسے کرنا چاہئے اور اس سے نتیجہ کس طرح اخذ کیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اس سادہ سی سنت کے بارے میں طرح طرح کی غلط فہمیاں اور بدعات عام ہوچکی ہیں۔ اکثر لوگ استخارہ کو کوئی پیچیدہ عمل سمجھتے ہیں کہ جسے کرنے کے لئے کسی خاص علم یا وظیفے کی ضرورت پڑتی ہے۔ حالانکہ استخارہ ایک دعا کے علاوہ کسی اور چیز کا نام نہیں اور ہر مسلمان یہ دعا کرسکتا ہے اور کرنا چاہئے۔ ذیل میں اس موضوع پر ایک مختصر سی تحریر افادۂ عام کے لئے پیش کررہا ہوں تاکہ استخارہ کے بارے میں پوچھے جانے والے عام سوالات و اشکالات کے جواب کا ایک مستقل ذریعہ بن جائے ۔

استخارہ
استخارہ كى لغوى تعريف كسى چيز (یا چیزوں) ميں سے بہتر كو طلب كرنا ہے ۔ اصطلاحی معنی یہ ہیں کہ کسی معاملے میں اللہ تعالى سے دعا کی جاتی ہے کہ وہ بہتر راہ یا فیصلہ نصیب کردے ۔ یعنی اللہ تعالىٰ كے ہاں جو کام یا امر ہمارے لئے بہتر و افضل ہے ہمیں اس كى طرف پھیر دے اور اس کے لئے راہ ہموار کردے ۔

دعائے استخارہ کا طریقہ
یہ طریقہ متعدد احادیث میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہے جو بخاری اور دیگر کتب میں موجود ہیں ۔ بخاری کی حدیث میں صحابی بیان کرتے ہیں کہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم ہميں سارے معاملات ميں استخارہ كرنے كى تعليم اس طرح ديا كرتے تھے جس طرح ہميں قرآن مجيد كى سورۃ كى تعليم ديتے ۔ آپ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم ميں سے كوئى شخص (کوئی) كام كرنا چاہے تو وہ فرض كے علاوہ دو ركعت (نفل) ادا كر كے يہ دعا پڑھے:

اَللَّهُمَّ إِنِّي أَسْتَخِيرُكَ بِعِلْمِكَ وَأَسْتَقْدِرُكَ بِقُدْرَتِكَ وَأَسْأَلُكَ مِنْ فَضْلِكَ الْعَظِیْم ۔ فَإِنَّكَ تَقْدِرُ وَلا أَقْدِرُ وَتَعْلَمُ وَلا أَعْلَمُ وَأَنْتَ عَلامُ الْغُيُوبِ ۔ اللَّهُمَّ فَإِنْ كُنْتَ تَعْلَمُ اَنَّ هَذَا الأَمْرَ خَیْرٌ فِیْ دِينِي وَمَعَاشِي وَعَاقِبَةِ أَمْرِي فَاقْدُرْهُ لِي وَيَسِّرْهُ لِي ثُمَّ بَارِكْ لِي فِيهِ ۔ وَإِنْ كُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ هَذَا الأَمْرَ شَرٌّ لِي فِي دِينِي وَمَعَاشِي وَعَاقِبَةِ أَمْرِي فَاصْرِفْنِي عَنْهُ وَاصْرِفْهُ عَنِّيْ وَاقْدُرْ لِي الْخَيْرَ حَيْثُ كَانَ ثُمَّ اَرْضِنِي بِه ۔

ترجمہ: اے اللہ ميں تجھ سے تيرے علم كى مدد سے خير مانگتا ہوں اور تجھ سے ہى تيرى قدرت كے ذريعہ قدرت طلب كرتا ہوں ، اور ميں تجھ سے تيرا فضل عظيم مانگتا ہوں، يقينا تو ہر چيز پر قادر ہے، اور ميں ( كسى چيز پر ) قادر نہيں۔ تو جانتا ہے ، اور ميں نہيں جانتا ۔ اور تو تمام غيبوں كا علم ركھنے والا ہے ۔ الہٰى اگر تو جانتا ہے كہ يہ كام ( جس كا ميں ارادہ ركھتا ہوں ) ميرے ليے ميرے دين اور ميرى زندگى اور ميرے انجامِ كار كے لحاظ سے بہتر ہے تو اسے ميرے مقدر ميں كردے اور اسے آسان كر دے ، پھر اس ميں ميرے ليے بركت عطا فرما ۔ اور اگر تيرے علم ميں يہ كام ميرے ليے اور ميرے دين اور ميرى زندگى اور ميرے انجامِ كار كے لحاظ سے برا ہے تو اس كام كو مجھ سے اور مجھے اس سے پھير دے (دور کردے) اور ميرے ليے بھلائى مہيا كر جہاں بھى ہو ، پھر مجھے اس پر راضى كردے ۔

وضاحت: اس دعا میں اَنَّ هَذَا الأَمْرَ کی جگہ دعا مانگنے والا اپنى ضرورت اور حاجت يعنى كام كا نام لے ۔ اگر زبان سے عربی میں کہنا ممکن نہ ہو تو دل میں مطلوبہ کام کا خیال یا تصور لائے ۔

اگرچہ استخارہ کی نماز میں قرآن کی کوئی بھی سورت یا آیات پڑھی جاسکتی ہیں لیکن جمہور کی رائے میں سورۃ فاتحہ كے بعد پہلى ركعت ميں سورۃ الكافرون اور دوسرى ركعت ميں سورۃ الاخلاص پڑھى جائے تو بہتر ہے ۔ سلام پھیرنے کے بعد ہاتھ اٹھا کر دعا کے عام طریقے کے مطابق پہلے اللہ کی حمد و ثنا اور پھر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھا جائے ۔ اور پھر مندرجہ بالا دعائے استخارہ پڑھی جائے ۔ کسی کام یا امر کے لئے کئی بار اور بار بار استخارہ کرنا چاہئے ۔ یعنی اللہ سے یہ دعا بار بار مانگتے رہنا چاہئے تا وقتیکہ اس کام کا کوئی فیصلہ ہوجائے ۔

استخارہ کی غرض و غایت
استخارہ دراصل اللہ تعالى كے حكم كے سامنے سرِ تسليم خم کرتے ہوئے ، اپنی طاقت و استطاعت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قادرِ مطلق اور مالک الملک سبحانہ وتعالىٰ کا دروازہ كھٹكھٹانے کا نام ہے ۔ اس التجا كے ليے نماز اور دعا سے بہتر اور کارآمد کوئی اور ذریعہ نہيں ہوسکتا ۔ نماز اور دعا میں اللہ تعالىٰ كى تعظيم ، حمد و ثنا اور اس سے اپنی محتاجگى کا اظہار کیا جاتا ہے۔ استخارہ میں اللہ تعالیٰ سے التجا كى جاتی ہے كہ وہ کسی امر میں دنيا و آخرت كى خير و بھلائى آپ کے لئے جمع كر دے۔ چنانچہ استخارہ کی نماز اور دعا کی قبولیت کے لئے (دیگر عبادات کی طرح) خشوع و خضو اور خلوصِ نیت کا اہتمام بہت ضروری ہے ۔

استخارہ کن امور میں کرنا چاہئے؟
اس بات پر کلی اتفاق ہے كہ استخارہ ان امور ميں ہوگا جن ميں آدمی كو درست چيز یا راستے كا علم نہ ہو ۔ ليكن جو چيزيں خير اور شر ميں معروف ہيں اور ان كے اچھے اور برے ہونے كا علم ہے تو ان كاموں كے ليے استخارہ كرنے كى كوئى ضرورت نہيں (مثلاً عبادات ، نیک اعمال ، برائى کا کام یا منكرات)۔ ظاہر ہے کہ برائی کے کام مثلاً جوا کھیلنا ، سود لینا یا دینا وغیرہ کے لئے اللہ تعالیٰ سے مدد طلب نہیں کی جاسکتی ۔ ليكن نیکی کا کوئی کام اگر کسی مخصوص وقت یا موقع سے متعلق ہو تو اس كے ليے استخارہ کیا جا سكتا ہے ۔ مثلاً کسی بیماری یا فتنے کی صورت ميں یہ فیصلہ کرنا کہ اس سال حج یا عمرے کا سفر کیا جائے یا نہیں۔ یا حج و عمرہ کے لئے کسی مخصوص شخص یا گروپ كى رفاقت اختيار کی جائے یا نہیں۔ وغیرہ وغیرہ ۔
بہ الفاظِ دیگر كسى واجب يا حرام كام کے لئے استخارہ نہيں كيا جائے گا بلكہ استخارہ جائز اور مباح كاموں ميں كيا جائے گا۔ استخارہ اس وقت کرنا چاہئے جب کسی امر میں کوئی تعارض پیدا ہوجائے ۔ يعنى جب دو كاموں ميں تعارض یا اختلاف پيدا ہو جائے كہ ان میں سےكونسا كام کیا جائے یا دونوں ميں سے پہلے کون سا كام کیا جائے۔ وغیرہ ۔

استخارہ کب کرنا چاہئے
استخارہ اس وقت کرنا چاہئے جب آپ خالى الذہن ہوں اور جو کام یا امر درپیش ہے اس کے سلسلے میں ابھی کوئی فیصلہ نہ کیا ہو ۔ یعنی اس کام کو ابھی کسی طریقے سے سرانجام دينے كا عزم نہ کیا ہو بلکہ اس کے بارے میں سوچ بچار جاری ہو ۔ استخارہ کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے اس کام کے لئے بہتر اور خیر و فضل والا راستہ اور طریقہ ظاہر کرنے کی درخواست مقصود ہے۔

استخارہ كرنے سے قبل مشورہ كرنا
استخارہ كرنے سے قبل اپنے طور پر پوری طرح سوچ بچار اور جانچ پرکھ کرنا چاہئے ۔ پھر كسى صالح ، تجربہ كار اور بااعتماد شخص سے مشورہ كرنا مستحب ہے ۔ یہ مشورہ انہی لوگوں سے کرنا چاہئے کہ جو متعلقہ کام کے بارے میں علم ، تجربہ یا واقفیت رکھتے ہوں اور آپ سے مخلص ہوں ۔ مثلاً کسی سرجری کے بارے میں فیصلہ کرتے ہوئے کسی قابلِ اعتماد ڈاکٹر سے مشاورت کرنا معقول اور مناسب امر ہوگا ۔ مشورہ كرنے كے بعد جب يہ ظاہر ہوجائے كہ یہ کام کرنے ميں مصلحت ہے تو پھر وہ اس كام ميں اللہ تعالىٰ سے استخارہ كرے ۔ ویسے بھی کوئی کام کرنے سے پہلے متعلقہ اور اہل لوگوں سے مشورہ کرنا اسلام کا ایک عام اصول ہے ۔

استخارہ کے فوائد
استخارہ دراصل قضا و قدر پر رضامند ی کا نام ہے۔ یہ اپنے رب پر بھروسہ کی دلیل اور اس کے قرب کا وسیلہ ہے۔ یہ پریشانی اور شک سے نکلنے کا راستہ ہے۔ استخارے کی سنت پر عمل کرنے سے اطمینان نصیب ہوتا ہے ۔ استخارہ کرنے کے بعد آدمی اپنے میسر اور ممکنہ اسباب کے مطابق کوشش کرتا ہے اور پھر جو بھی نتیجہ حاصل ہو اس پر رضا اور قناعت کرتے ہوئے اطمینان محسوس کرتا ہے۔ اپنے ہر چھوٹے بڑے کام میں استخارہ کرنا چاہئے۔ اس سے اللہ تعالیٰ کی نصرت پر یقین پختہ ہو تا ہے۔ استخارہ کرنے والا اپنی کوشش میں ناکام اور مایوس نہیں ہوتا ، اسے ندامت سے بچاؤ نصیب ہوتا ہے ۔

استخارہ کیا نہیں ہے
بدقسمتی سے بہت ساری اور سنتوں کی طرح استخارہ کے بارے میں بھی عوام میں طرح طرح کی غلط فہمیاں اور بدعات پائی جاتی ہیں ۔ ان میں سے اکثر غلط فہمیاں ان دین فروش مولویوں اور نام نہاد علما کی جانب سے پھیلائی گئی ہیں جو اس عمل کے ذریعے سے اپنا کاروبار چمکاتے ہیں ۔

۱۔ جیسا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے صحابہ کے عمل سے ثابت ہے استخارہ کسی خاص ” خفیہ عمل” یا "روحانی وظیفے” کا نام نہیں بلکہ دو رکعت نفل پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے اپنے کام کے سلسلے میں ایک خاص دعا مانگنے کا نام ہے ۔ اور اس دعا کا مسنون طریقہ اوپر لکھ دیا گیا ہے ۔

۲۔ کوئی شخص کسی دوسرے آدمی کے کام کے بارے میں استخارہ نہیں کرسکتا۔ استخارے کی دعا اس شخص کو خود کرنا ضروری ہے کہ جسے کام درپیش ہے ۔ کسی اور سے استخارہ کروانا یا کسی کے لئے استخارہ کرنا ایک انتہائی فضول اور نامعقول بدعت ہے ۔ ایسا کرنا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ، ان کے صحابہ یا ائمہ دین کسی سے ثابت نہیں ۔ یہ قبیہ اور جاہلانہ بدعت حالیہ دور کی ایجاد ہے اور ٹی وی کی بدولت خوب پروان چڑھ رہی ہے۔ پیر ، فقیر، مولوی اور شیطان نما "علما” اس کی بدولت خوب پیسے بٹور رہے ہیں ۔ انا للہ و انا الیہ راجعون ۔

۳۔ عام طور پر یہ بات مشہور ہے کہ استخارہ بعد استخارہ کرنے والے کو خواب میں یا کسی اور طریقے سے اللہ کی طرف سے کوئی اشارہ دیا جاتا ہے جو بہتر فیصلے کی طرف رہنمائی کرتا ہے ۔ یہ بات درست نہیں ہے اور نہ ہی اس بات کا کوئی ثبوت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسم کی کسی حدیث سے ملتا ہے ۔ استخارہ کے بارے میں جتنی بھی احادیث موجود ہیں ان میں سے کسی میں بھی یہ بات مذکور نہیں کہ استخارے کے بعد اللہ کی طرف سے کوئی خواب یا اشارہ دیا جاتا ہے ۔ جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا استخارہ پریشانی اور شک سے نکلنے کا راستہ ہے۔ استخارہ کرنے کے بعد آدمی اپنے میسر اور ممکنہ اسباب کے مطابق کوشش کرتا ہے اور پھر جو بھی نتیجہ حاصل ہو تا ہے اس پر رضا اور قناعت سے خوشی اور اطمینان محسوس کرتا ہے۔ استخارہ کے بعد اللہ تعالیٰ سائل کے لئے ایسے اسباب پیدا کرسکتے ہیں کہ جو اس کے حالات کو خود بخود کسی ایک سمت میں موڑ دیں ، کسی کام کے لئے راہ ہموار کردیں اور اس کے لئے فیصلہ کرنا آسان ہوجائے ۔ ایسا ممکن ہے کہ کسی شخص کو کسی دن کوئی خواب بھی نظر آجائے لیکن اس خواب کی مذہبی لحاظ سے کوئی حیثیت نہیں اور نہ ہی وہ کوئی حجت ہے ۔ کسی بھی معاملے میں انسان کو کوئی بھی فیصلہ خوب سوچ بچار ، جانچ پرکھ اور صلاح مشورے کے بعد ہی کرنا چاہئے ۔ یعنی اللہ تعالیٰ پر توکل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ پہلے تمام ممکنہ اسباب اختیار کئے جائیں اور پھر نتیجہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا جائے ۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں یہی سکھایا ہے ۔ ایک حدیث کے مطابق پہلے اپنے اونٹ کو (کھونٹے پر) رسی سے باندھو اور پھر اللہ پر توکل کرکے اسے (تنہا) چھوڑ جاؤ ۔

واللہ اعلم بالصواب ۔ وما علینا الا البلاغ ۔

تحریر: ظہیر احمد ظہیر

Related posts

سوچتے رہو، جیتے رہو

بات کرتے ہو کیا دسمبر کی

اُردو شعرا پر سوشل انزائٹی کے اثرات