حوصلہ خود ہتھیار

حوصلہ خود ہتھیار بنایا جا سکتا ہے

شاخ کو بھی تلوار بنایا جا سکتا ہے

لوگو ۔ یہ دن راتیں کاٹنے والا دن ہے

یہ دن پھر اک بار بنایا جا سکتا ہے

تنہا تنہا پتی پتی جینے والو

یہ صحرا گلزار بنایا جا سکتا ہے

اپنی اپنی کشتی باہم جوڑ کے دیکھو

راستا دریا پار بنایا جا سکتا ہے

خیبر کے کہسار سے لے کر بحر عرب تک

جسموں کو دیوار بنایا جا سکتا ہے

راہنماؤ تم سے خلقت پوچھ رہی ہے

ہم کو کتنی بار بنایا جا سکتا ہے

 

سعود عثمانی

Related posts

مجھے یقیں و گماں کی نظر لگا رہے تھے

وقت بدلا ہے مگر تھوڑا سا

جو اپنے یار سے درخواست کرنا