فرض اپنا وہ نبھانے آئے

فرض اپنا وہ نبھانے آئے
میرے دل کو وہ جلانے آئے

آئے ہنستوں کو رُلانے آئے
سر پہ طُوفان اُٹھانے آئے

میں پہُنچ جاؤں نہ اُن تک ، یوں وہ
نقشِ پا اپنے مِٹانے آئے

دل کی دُنیا تہہ و بالا کر کے
اب مِرا سوگ منانے آئے

آیا برسات کا موسم پھِر سے
یاد پھِر زخم پُرانے آئے

چُٹکیوں میں ہی مِری جاں دیکھو
خاک میری وہ اُڑانے آئے

قبر میں دیکھئے “ شہناز” مُجھے
میرے اپنے ہی دبانے آئے

 شہناز رضوی

Related posts

مجھے یقیں و گماں کی نظر لگا رہے تھے

وقت بدلا ہے مگر تھوڑا سا

جو اپنے یار سے درخواست کرنا