ایک تاریخِ مقرّر پہ تو ہر ماہ مِلے

ایک تاریخِ مقرّر پہ تو ہر ماہ مِلے
جیسے دفتر میں کسی شخص کو تنخواہ مِلے

رنگ اُکھڑ جائے تو ظاہر ہو پلَستر کی نمی
قہقہہ کھود کے دیکھو تو تمہیں آہ ملے

جمع تھے رات مِرے گھر ‘ ترے ٹھکرائے ہوئے
ایک درگاہ پہ سب راندہِ درگاہ ملے

میں تو اک عام سپاہی تھا حفاظت کے لئے
شاہ زادی ! یہ ترا حق تھا’ تجھے شاہ ملے

ایک اداسی کے جزیرے پہ ہوں اشکوں میں گِھرا
میں نکل جاؤں اگر خشک گذرگاہ ملے

اک ملاقات کے ٹلنے کی خبر ایسے لگی
جیسے مزدور کو ہڑتال کی افواہ ملے

گھر پہُنچنے کی نہ جلدی ‘ نہ تمنّا ہے کوئی
جس نے مِلنا ہو مجھے’ آئے ۔ سرِ راہ ملے

عمیر نجمی

Related posts

پہلے میں خود میں فرض کی تعمیل دیکھ لوں

لازم نہیں کہ بدلے میں تجھ سے وفا ہی ہو

کلام خاص نوجوانوں کے لیے