شہری آبادی میں اضافہ: ایک سنگین چیلنج

پاکستان میں شہری آبادی میں تیز رفتار اضافہ ایک ایسا چیلنج ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ بڑے شہروں جیسے کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد اور پشاور میں آبادی کا دباؤ اپنی انتہاؤں کو چھو رہا ہے۔ سڑکیں، رہائش، صحت، تعلیم، پینے کا پانی، ٹرانسپورٹ اور روزگار جیسے بنیادی مسائل شہری زندگی کو مشکل سے مشکل تر بنا رہے ہیں۔ یہ سب اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے شہروں نے اپنی اصل گنجائش سے کہیں زیادہ بوجھ اٹھا لیا ہے۔

شہری آبادی میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ دیہات اور چھوٹے قصبوں سے شہروں کی طرف ہجرت ہے۔ گاؤں کا رہائشی بہتر تعلیم، معیاری صحت، روزگار یا دیگر سہولتوں کی تلاش میں شہر کا رخ کرتا ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ آخر وہ اپنے علاقے کو کیوں چھوڑتا ہے؟ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہمارے دیہات آج بھی پسماندگی اور محرومی کا شکار ہیں۔ وہاں نہ معیاری اسکول ہیں، نہ ہی مؤثر اسپتال اور نہ ہی روزگار کے پائیدار مواقع۔ یہی خلا دیہات کو خالی اور شہروں کو بھرا ہوا بنا رہا ہے۔

یہ بڑھتی ہوئی ہجرت شہروں کے لیے کئی نئے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ سب سے پہلا مسئلہ ٹریفک کا ہے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی بھرمار نے سفر کو ایک امتحان بنا دیا ہے۔ دوسرے نمبر پر رہائشی مسائل ہیں۔ شہروں میں رہائش کی کمی کے باعث کچی آبادیاں اور غیر منصوبہ بند بستیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں نہ پانی ہے، نہ نکاسی کا نظام، نہ ہی صحت و صفائی کی سہولتیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ آلودگی، بے روزگاری اور جرائم میں اضافہ بھی اسی دباؤ کی پیداوار ہے۔ اگر یہ صورتحال جاری رہی تو شہروں میں زندگی گزارنا آنے والے برسوں میں مزید کٹھن ہو جائے گا۔

اس بحران کا حل دیہی ترقی میں چھپا ہے۔ اگر ہم اپنے دیہات کو سہولتوں سے آراستہ کر دیں تو شہروں کی طرف بلاوجہ ہجرت خود بخود کم ہو جائے گی۔ سب سے پہلے دیہات میں تعلیم کے نظام کو مضبوط کرنا ہوگا۔ معیاری اسکول، کالجز اور پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز کھولے جائیں تاکہ نوجوانوں کو مستقبل کے لیے امید نظر آئے۔ صحت کی سہولتیں دیہات تک پہنچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اگر بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز، نرسز اور ادویات موجود ہوں تو عام دیہاتی کو علاج کے لیے شہر کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔

دیہات کو خود کفیل بنانے کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانا ہوں گے۔ اگر چھوٹے پیمانے پر صنعتیں لگائی جائیں، زرعی پیداوار کے جدید مراکز قائم ہوں اور مقامی ہنر کو فروغ دیا جائے تو دیہات کے لوگ اپنے ہی علاقے میں روزگار کما سکیں گے۔ خواتین کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جائیں تاکہ وہ بھی معیشت کا حصہ بن سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دیہات میں کھیل کے میدان، پارکس، لائبریریاں اور کمیونٹی سینٹرز بنائے جائیں تاکہ وہاں کے باسی ایک بھرپور اور متوازن زندگی گزار سکیں۔

یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ شہروں کا دباؤ کم کرنا دراصل شہروں کو بچانے کے مترادف ہے۔ اگر دیہات مضبوط ہوں گے تو شہروں کی آبادی کا دباؤ کم ہوگا۔ یوں ٹریفک، آلودگی، رہائش اور دیگر مسائل میں بھی کمی آئے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ دیہات کے لوگ بھی اپنے علاقے پر فخر کریں گے اور انہیں ہجرت کو مجبوری کے بجائے انتخاب کے طور پر دیکھنے کا موقع ملے گا۔

دیہی ترقی صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ معاشرے کے تمام طبقات کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقامی کمیونٹیز اپنے گاؤں کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ مخیر حضرات اور سماجی تنظیمیں اسکول، ہسپتال اور چھوٹے ترقیاتی منصوبے شروع کر کے فرق ڈال سکتی ہیں۔ میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ دیہات کی مثبت کہانیوں کو اجاگر کرے تاکہ عوام کے ذہن میں دیہات کا ایک روشن اور پُرامید تصور قائم ہو۔

اگر ہم نے شہروں کی آبادی کے اس بڑھتے ہوئے دباؤ کو سنجیدگی سے نہ لیا تو مستقبل میں حالات مزید سنگین ہو جائیں گے۔ ہمارے شہروں کے وسائل پہلے ہی کم ہیں۔ مزید بوجھ نہ صرف ان کی کارکردگی کو متاثر کرے گا بلکہ شہری زندگی کو ایک عذاب میں بدل دے گا۔ دوسری طرف اگر ہم اپنے دیہات کو خوشحال اور سہولتوں سے مزین بنا لیں تو شہروں پر دباؤ کم ہوگا اور ملک میں ترقی کا توازن قائم ہو سکے گا۔

آخر میں یہی کہنا چاہوں گا کہ شہری آبادی میں اضافہ واقعی ایک سنگین چیلنج ہے، مگر یہ ناقابلِ حل مسئلہ نہیں۔ اگر ہم دیہات کو خوبصورت، خود کفیل اور سہولتوں سے بھرپور بنا دیں تو یہ چیلنج ایک موقع میں بدل سکتا ہے۔ گاؤں کی خوشحالی ہی شہروں کی آسانی ہے، اور یہی پاکستان کی ترقی کی اصل کنجی ہے۔

یوسف صدیقی

Related posts

خیبر پختو نخواہ کا افسانہ

انجمن پنجاب

تنقید کیا ہے