مری دھرتی، مرا ایمان، پاکستان پاکستان

مری دھرتی، مرا ایمان، پاکستان پاکستان
ہے میرا دل، ہے میری جان، پاکستان پاکستان

اندھیری رات میں روشن، ستارہ تیرا ہر پل ہو
تُو صبحِ نو کا ہے اعلان، پاکستان پاکستان

تُو اُبھرے دنیا کے نقشے پہ بن کے امن کا داعی
بڑھائے اللہ تیری شان، پاکستان پاکستان

محبت کی لڑی میں سب کو رکھے گا پرو کر یہ
مرا جذبہ، مرا وجدان، پاکستان پاکستان

سدا اونچی رہے پرواز تیری اے وطن میرے
ہے عظمت تیری عالی شان، پاکستان پاکستان

نہ کوئی سندھی، پنجابی، بلوچی ہے، نہ ہی پختون
ہیں ہم سب ایک دل اک جان، پاکستان پاکستان

محبت کے دیے بشرؔیٰ! سدا روشن رکھیں گے ہم
ہمارا ہے یہی ایمان، پاکستان پاکستان

بشریٰ سعید عاطف

Related posts

میں مقتول قاتل ہوں

مخالفین کا ظرف اور آج کی سیاست کا زوال

میرا سفر : شوگر سے صحت کی طرف