گزر اوقات نہیں ہو پاتی

گزر اوقات نہیں ہو پاتی
دن سے اب رات نہیں ہو پاتی

ساری دُنیا میں بس اِک تم سے ہی
اب ملاقات نہیں ہو پاتی

جو دھڑکتی ہے مرے دل میں کہیں
اِک وہی بات نہیں ہو پاتی

جمع کرتا ہوں سرِ چشم بہت
پھر بھی برسات نہیں ہو پاتی

لاکھ مضموں لبِ اظہار پہ ہیں
اور مناجات نہیں ہو پاتی

ہاتھ میں ہاتھ لیے پھرتی ہے
ختم یہ رات نہیں ہو پاتی

ایوب خاور

Related posts

زندگی بھر فکر کرتے رہے

خواب تصویر کر رہا ہوں میں

شب ڈھل رہی ہے تھم چکا طوفان